چهارشنبه 30/آوریل/2025

فلسطین میں یہودی آباد کاری کا معاملہ عالمی عدالت میں اٹھانےکا فیصلہ

بدھ 16-مئی-2018

فلسطینی اتھارٹی نے باضابطہ طور پر فلسطین میں یہودی آباد کاری اور توسیع پسندی کا معاملہ بین الاقوامی عدالت انصاف میں لے جانے کا اعلان کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق رام اللہ میں تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں تنظیم کے سیکرٹری صائب عریقات نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی نے فلسطین میں یہودی آباد کاری کے حوالے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ اتھارٹی نے فلسطینی ریاست کی بین الااقوامی ایجنسیوں اور اداروں میں شمولیت کے فیصلے کی بھی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین نیشنل کونسل کے اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے پی ایل او کی ایگزیکٹو اور مرکزی کمیٹیوں کے ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جو صہیونی ریاست اور فلسطینیوں کے درمیان تعلقات اور روابط کی حدود کا تعین کرے گی۔

خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب دوسری جانب فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں 60 فلسطینی شہید اور تین ہزار کے قریب زخمی ہوچکے ہیں۔ گذشتہ روز فلسطینیوں کے قتل عام کے ساتھ ساتھ امریکا نے تل ابیب سے اپنا سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کر دیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی