جمعه 15/نوامبر/2024

امریکی سفارتخانےکی منتقلی،غزہ میں قتل عام کے خلاف لبنان میں مظاہرے

بدھ 16-مئی-2018

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں چودہ مئی کو حق واپسی ریلیوں پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں، نہتے فلسطینیوں کے قتل عام اور امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے خلاف لبنان میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ان مظاہروں کا اہتمام لبنان کی مذہبی اور سماجی تنظیموں کی طرف سے کیا گیا تھا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت میں واقع فلسطینی مہاجر کیمپ عین الحلوہ میں ہزاروں فلسطینی پناہ گزینوں اور لبنانی شہریوں نے احتجاجی مظاہرے میں حصہ لیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مقررین نے اپنی تقاریر میں غزہ میں نہتے فلسطینی مظاہرین کے قتل عام اور امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ امریکی انتظامیہ نے ثابت کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے حقوق کی حامی نہیں بلکہ صہیونی ریاست کی کھلم کھلا طرف دار ہے۔

خیال رہے کہ چودہ مئی سوموار کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں حق واپسی کے لیے احتجاج کرنے والے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے کم سے کم ساٹھ فلسطینیوں کو شہید اور تین ہزار کو زخمی کردیا تھا۔ اسی روز امریکا نے تل ابیب میں قائم اپنا سفارت خانہ بھی مقبوضہ بیت المقدس منتقل کیا جس پر پوری دنیا کی طرف سےشدید تنقید کی جا رہی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی