جمعه 15/نوامبر/2024

غزہ میں مظاہرے جاری،اسرائیلی دہشت گردی میں مزید دو فلسطینی شہید

بدھ 16-مئی-2018

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں سوموارکے روز  اسرائیلی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے 60 مظاہرین کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیلی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید دو فلسطینیوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق منگل کے روز اسرائیلی فوج اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان مشرقی سرحد پر تصادم ہوا۔ اس موقع پر پرامن فلسطینی مظاہرین نے سرحد کی طرف بڑھنے کی کوشش کی جس پر قابض فوج نے مظاہرین پر فائرنگ اورآنسوگیس کی شیلنگ شروع کردی۔

فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ منگل کو اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید دو فلسطینی شہید ہوئے۔ ان کی شناخت 51 سالہ ناصر غراب اور 18 سالہ بلال الاشرم کے ناموں سے کی گئی ہے۔ قابض فوج کی فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ سے 417 فلسطینی شہری زخمی ہوئے ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق 30 مارچ کے بعد سے فلسطین میں جاری تحریک حق واپسی کے دوران اسرائیلی فوج نے مجموعی طورپر 116 فلسطینی شہریوں کو شہید کر دیا ہے۔ ان میں 61 فلسطینی صرف پرسوں سوموار کو شہید کیے گئے جب کہ چھ ہفتوں کے دوران قابض فوج نے 12 ہزار فلسطینیوں کو زخمی کیا۔

مختصر لنک:

کاپی