ایران نے کہا ہے کہ مغربی طاقتوں پر تہران کے جوہری پروگرام پر کیے گئے معاہدے کو برقرار رکھنے کا اعتبار نہیں۔ اگر معاہدہ قائم رکھنا ہے تو مغرب کو اس کی ضمانت دینا ہوگی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق چین کےدورے کے بعد ماسکو میں روسی وزیرخارجہ سیرگی لافروف سے ملاقات میں ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ ان کا ملک روس کے ساتھ مل کر جوہری پروگرام پر معاہدے کے حوالے سے جامع حکمت عملی تیار کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت ایرانی عوام کو دی گئی مراعات واپس لی گئیں تو معاہدہ آگے نہیں چل سکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی معاہدے سے علاحدگی کے بعد ہم عالمی طاقتوں سے معاہدے کو برقرار رکھنے کے لیے ضمانتوں کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔ ان کا دورہ چین اور ماسکو اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کےساتھ طے پایا معاہدہ اس میں شامل ممالک کے لیے اقتصادی فواید کی ضمانت دیتا ہے۔ ایران اور روس اس معاہدے کو برقرار رکھنے کے ساتھ باہمی مفادات کے تحفظ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر روسی وزیرخارجہ سیرگی لافروف نے کہ روس اور یورپی ملکوں کو اپنے اپنے مفادات کے دفاع کے ساتھ ایران کے ساتھ طے پائے جوہری سمجھوتے کا تحفظ جاری رکھنا چاہیے۔