مصر کی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازھر نے غزہ میں منظم صہیونی عسکری جارحیت کے شکار فلسطینیوں کے لیے خوراک اور ادویات بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جامعہ الازھر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مصری محکمہ صدقات وزکواۃ کے تعاون سے غزہ کے مظلوم عوام کے لیے 50 ٹن خوراک اور دو گاڑیوں پرادویات، جراحی کاسامان اور ہنگامی طبی امداد کے لیے استعمال ہونے والی اشیاء بھیجی جار ہی ہیں۔
قبل ازیں جامعہ الازھر نے صہیونی فوج کے ہاتھوں غزہ میں 60 بے گناہ فلسطینیوں کی شہادت اور تین ہزار کے زخمی کئے جانے کو ’وحشیانہ جرم‘ قرار دیا تھا۔ جامعہ الازھر نے غزہ میں فلسطینی مظاہرین کے تحفظ کے لیے ہرممکن اقدام پر زور دیا اور کہا کہ قابض فوج نہتے فلسطینی مظاہرین کو دانستہ طورپر نشانہ بنا کر شہید کررہی ہے۔
بیان میں امریکا کی جانب سے تل ابیب سے اپنا سفارت خانہ القدس منتقل کرنے کے اقدام کی بھی شدید مذمت کی اور اسے فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق غصب کرنے کوشش قرار دیا۔
خیال رہے کہ سوموار 14 مئی سے جاری اسرائیلی ریاستی دہشت گردی میں اب تک 62 فلسطینی شہید اور 3200 زخمی ہوچکے ہیں جب کہ 30 مارچ سے جاری تحریک انتفاضہ میں اب تک 116 فلسطینی شہید اور 12 ہزار زخمی کیے جا چکےہیں۔