فلسطین میں ’حق واپسی‘ کے لیے جاری تحریک کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے عرب اور مسلمان ممالک میں بھی مظاہرے جاری ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کے روز اردن کے شہر سویمہ میں ’حق واپسی‘ کےعنوان سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں ہزاروں اردنی شہریوں اور اردن میں مقیم فلسطینیوں نے حصہ لیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین میں جاری تحریک حق واپسی کی حمایت میں نعرے درج تھے۔
اردنی اخبار ’السبیل‘ کی ویب سائیٹ کے مطابق اردن میں ہونے والے مظاہرے کے دوران متعدد قراردادیں بھی منظور کی گئیں جن میں القدس کے عرب اور اسلامی تشخص کی حمایت اور امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ کی طرف سے سفارت خانے کو القدس منتقل کرنے کے اعلان کی مذمت کی گئی۔
ادھر ترکی کے شہر استنبول میں بھی فلسطینی تحریک حق واپسی کی حمایت میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی گئی۔
ریلی کے شرکاء نے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کے خلاف نعرے بازی کی۔