ارض فلسطین میں نام نہاد صہیونی ریاست کےقیام کے 70 سال پورے ہونے پر اس حوالے سے اسرائیل میں جشن کی تیاریاں جاری ہیں۔ 14 مئی کو امریکی حکومت کی طرف سے تل ابیب سے سفارت خانے کی القدس منتقلی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی پولیس نے بیت المقدس کی تمام مساجد میں فلسطین پر قبضے کے ستر سالہ جشن کے موقع پر اذان پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔
عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل 2 کی رپورٹ کے مطابق آئندہ ہفتے کے لیے فوج اور پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ تمام سیکیورٹی اداروں کی تعطیلات ختم کردی گئی ہیں۔ القدس میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئےہیں۔ اس موقع پر پرانے بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے اطراف میں ایک ریلی بھی نکالی جائے گی جس میں کم سے کم 20 ہزار صہیونیوں کی شرکت متوقع ہے۔
اسرائیلی پولیس کی طرف سے ایک نیا آرڈر تیار کیا گیا ہے جس میں القدس میں مساجد کےموذنین کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی ریاست کی 70 سالہ جشن کی تقریبات کے موقع پرمساجد میں لاؤڈ اسپیکروں پر اذان نہ دیں۔
اسرائیلی ریاست کی طرف سے یہ تمام سرگرمیاں ایک ایسے وقت میں شروع کی گئی ہیں جب دوسری طرف امریکی حکومت اور تل ابیب سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کی تیاری کررہا ہے۔
ادھر فلسطینی تنظیموں نے آئندہ سوموار چودہ مارچ کو ملک گیر احتجاج اور ہڑتال کی کال دی ہے۔ فلسطین بھر میں صہیونی ریاست کے غاصبانہ قبضے اور امریکی حکومت کی صہیونیت نوازی کے خلاف وسیع پیمانے پر مظاہرے کیے جائیں گے۔