اسرائیلی پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے موقع پر امن وامان کی صورت حال قابو میں رکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ القدس میں سفارت خانے کی منتقلی اور اسرائیلی قیام کے ستر سالہ جشن [النکبہ] کے موقع پر ہزاروں فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ پولیس نے سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں آئندہ سوموار کے روز اہم مقامات کی سیکیورٹی پولیس اور فوج کے حوالے کی گئی ہے۔ اسرائیلی سفارت خانے کی عمارت کو ملانے والے راستوں پر پیرا ملٹری فورسز، پولیس کمانڈوز اور اسپیشل فورسز کے مسلح اہلکار گشت کریں گے۔
اس کے علاوہ القدس کے تمام حساس مقامات، شاہراؤں اور سرکاری دفاتر کے اطراف میں بڑی تعداد میں فوج تعینات کی جائے گی۔
خیال رہے کہ امریکی حکومت 14 مئی 2018ء کو تل ابیب سے اپنا سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ اسی تاریخ کو اسرائیل ’یوم آزادی‘ کے طورپر جب کہ فلسطینی صہیونی ریاست کے ناجائز تسلط کے طورپر مناتے۔ فلسطین میں یہ دن ’النکبہ‘ یعنی بہت بڑی مصیبت کے طورپر منایا جاتا ہے۔