اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے ایک بیان میں امریکی سفارتخانے کی القدس منتقلی کے اعلان کی مذمت کی ہے اورکہا ہے کہ اس اقدام سے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی کوششیں مزید متاثر ہو سکتی ہیں۔
یو این سیکرٹری جنرل کے ترجمان استیفن ڈوگریک نے ایک بیان میں کہا کہ ’گوٹیرس‘ کئی مواقع پر واضح کرچکے ہیں کہ امریکی حکومت کی جانب سے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیے جانے اور امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی کو مسترد کر چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل تمام رکن ممالک کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ تل ابیب سے امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کو تسلیم نہیں کرتے۔
خیال رہے کہ امریکی حکومت 14 مئی کو اسرائیل میں اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
امریکی حکومت کے اس اس اعلان پرعالم اسلام اور عالمی برادری کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ عالمی برادری کا کہنا ہے کہ القدس کو اسرائیل کا صدر مقام تسلیم کرنے کا امریکی اعلان خطے میں امن مساعی میں معاون نہیں بلکہ خطرناک ہو گا۔