حماس کی پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کا کہنا ہے کہ فلسطینی مزاحمت قابض صہیونی فوج کے ساتھ ایک کھلی جنگ میں مصروف ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کو فلسطین کی آزادی تک مزید حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
غزہ میں القسام کے چھ جنگجوئوں کی نماز جنازہ کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے ھنیہ کا کہنا تھا کہ تحریک حماس اور القسام بریگیڈز سیکیورٹی، سیاسی اور عوامی سمیت تمام محاذوں پر اسرائیل سے نبرد آزما ہے۔
حماس رہنما نے بہادر جنگجوئوں کی شہادت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جانب سے مزاحمت کے لئے کردار ادا کرنے اور سینکڑوں فلسطینیوں کی جان بچانے پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے بتایا کہ فلسطینی مزاحمت نے سینکڑوں کی تعداد میں انتہائی کٹھن سیکیورٹی اور انٹیلی جنس مشن مکمل کئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل سے معرکہ آرائی سے مزاحمت مضبوط ہورہی ہے۔