صحافیوں کے خلاف روا رکھنے جانے والے اسرائیلی مظالم کے خلاف فلسطینی صحافیوں کے ایک گروپ نے گذشتہ روز پرامن ریلی نکالی۔ ریلی دنیا بھر میں آزادی صحافت کے دن کی مناسبت سے نکالی گئی۔
ریلی سے قبل صحافیوں نے نیوز کانفرنس منعقد کی جس کے بعد انھوں نے البیرہ شہر بیت ایل کے شمالی داخلی راستے کی جانب مارچ کیا۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صحافی نمائندوں نے فلسطینی صحافیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزادی صحافت کے خلاف صہیونی اقدامات سیاسی حکومت کے ایماء پر کئے جاتے ہیں۔
حال ہی میں مجرمانہ کارروائی میں شہید کئے جانے والے صحافیوں یاسر مرتجی اور احمد ابو حسین کا حوالہ دیتے ہوئے صحافیوں نے کہا کہ انہیں غزہ کی پٹی میں واپسی کے کوریج کے دوران پیشہ وارانہ فرائض انجام دینے کی پاداش میں شہید کیا گیا۔
صحافی انجمن کے سربراہ ناصر ابوبکر نے بتایا کہ ایسے جرائم کے ذمہ دار اسرائیلی حکام کے خلاف بین الاقوامی عدالتوں میں مقدمات قائم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔