چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی فوج کے غرب اردن اور القدس میں چھاپے،14 فلسطینی گرفتار

جمعرات 3-مئی-2018

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں آج جمعرات کو اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کےدوران 14 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج نے تلاشی کی مہم کے دوران گھروں کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کے بعد خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا۔ گھروں میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی اور لوٹ مار کی مہم کے دوران نقدی اور طلائی زیورات لوٹ لیے۔

غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں بلاطہ پناہ گزین کیمپ اور مادما قصبے میں تلاشی مہم کے دوران سات فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔

عینی شاہدین نے ’مرکزاطلاعات فلسطین‘ کو بتایا کہ قابض فوج کی بڑی تعداد راس العین، المخیفہ قصبے، پرانے شہر اور بلاطہ پناہ گزین کیمپ میں گھر گھر تلاشی لی۔ اس دوران دسیوں فلسطینی نوجوان احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔

قابض فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیےان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔

تلاشی کے دوران نانلس سے گرفتار ہونے والے فلسطینیوں کی شناخت عبدالرحمان عکوبہ، سابق اسیر فراس کامل الزبیدی، بشار خالد المصری، محمد سمیر جعارہ اور مہدی الکعبی کے ناموں سے کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ غرب اردن سے دو سگے بھائیوں احمد اور عمر عامر نصار، سبیل محمد، قلقیلیہ سے مصعب سفیری، یحییٰ سمان اور صالح باسم سعسع کو حراست میں لیا گیا۔

بیت المقدس میں تلاشی کےدوران  خلیل کنعان، اسامہ سید احمد، محمد جمال ابو عید اور دیگر کو حراست میں لیا گیا۔ قابض فوج نے غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ اور مشرقی بیت المقدس میں ابو دیس کے مقامات پر چھاپے مارے اور گھروں میں لوٹ مار کے ساتھ خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔

مختصر لنک:

کاپی