جمعه 09/می/2025

’14 مئی پوری مسلم امہ فلسطینیوں کے لیے اٹھ کھڑی ہو: علماء

جمعرات 3-مئی-2018

ترکی کے شہر استنبول میں منعقدہ عالمی علماء کونسل اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں نے عالم اسلام پر زور دیا ہے کہ وہ 14 مئی کو ’یوم نکبہ‘ کے موقع پر فلسطینی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی تحریک حق واپسی کے لیے گھروں سے نکل آئے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین میں 14 مئی کو اسرائیلی ریاست کے ناجائز قبضے کی سالگرہ کے موقع پرعالمی علماء اور سرکردہ شخصیات کی طرف سے یکجہتی مہم شروع کی گئی۔ اسی مہم کی مناسبت سے استنبول میں منعقدہ ایک سیمینار میں مختلف ممالک کے علماء نے مسلمان حکومتوں اور اقوام پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کرتے ہوئے عالم گیر احتجاج کریں۔

علماء کا کہنا ہے کہ چودہ مئی کو فلسطینی ’یوم نکبہ‘ پر عظیم الشان واپسی مارچ کی تیاری کررہے ہیں۔ مظلوم فلسطینی قوم کو اپنے سلب شدہ حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کی خاطر عالم اسلام کی طرف سے دامے درمے سخنے مدد فراہم کرنا مسلم امہ کی ذمہ داری ہے۔

شام کی عالمی علماء رابطہ کونسل کے سیکرٹری جنرل احمد حمودی نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ مسلمان جہاں جہاں بھی ہیں وہ چودہ مئی کو فلسطینی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکل آئیں۔ ان کا  کہنا تھا کہ مقبوضہ بیت المقدس، غرب اردن، لبنان، اردن اور دوسرے ممالک میں موجود فلسطینیوں کے ساتھ دیگر مسلمان اقوام بھی فلسطینی حق واپسی عظیم الشان مارچ کے ساتھ کھل کر اظہار یکجہتی کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت فلسطینی قوم کو حق واپسی کے لیے پوری مسلم کی طرف سے مادی، معنوی، طبی، ابلاغی، سیاسی اور اخلاقی مدد کی اشد ضرورت ہے۔ عالم اسلام کے ذرائع ابلاغ کو بھی فلسطینی قوم کے حق واپسی کے لیے ہونے والی مساعی کو زیادہ سے زیادہ کوریج دینے کی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے استنبول کے مفتی جندر اکدمیر نے کہا کہ حق واپسی نے صہیونی ریاست پر ایک نیا توازن قائم کردیا ہے۔ ہر فلسطینی کو جسے اس کےگھر سے نکالا گیا واپس اپنے علاقے میں باوقار طریقے سے زندہ رہنے کا حق حاصل ہے۔

کانفرنس میں تیس ممالک کے علماء رابطہ گروپوں نے شرکت کی جن میں فلسطین اہل سنت علماء رابطہ گروپ،، شام اسلامی کونسل، الجزائری جمیعت علماء اسلام کے علاوہ عراق، لبنان، لیبیا، سوڈان اور انڈونیشیا کے علماء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مختصر لنک:

کاپی