اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مشرقی غزہ میں زخمی ہونے والا ایک اور فلسطینی نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جس کے بعد 30 مارچ سے جاری اسرائیلی فوج کے تشدد سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 50 ہوگئی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چند روز قبل اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا 19 سالہ نوجوان انس شوقی ابو عصر آج جمعرات کو غزہ کے ایک اسپتال میں دم توڑ گیا۔
ابو عصر کی شہادت کے بعد 30 مارچ سے جاری تحریک حق واپسی کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 50 ہوگئی ہے۔ شہداء میں سے پانچ کے جسد خاکی اسرائیلی فوج نے اپنی تحویل میں لے رکھے ہیں۔
خیال رہے کہ فلسطین میں 30 مارچ کو شروع ہونے والی ’حق واپسی‘ تحریک چھ ہفتوں تک جاری رہے۔ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں غزہ میں50 مظاہرین شہید اور چھ ہزار سے زاید خمی ہو چکے ہیں۔