چهارشنبه 30/آوریل/2025

شام میں مبینہ اسرائیلی فضائی حملے میں متعدد افراد ہلاک

منگل 1-مئی-2018

شام کے مختلف شہروں میں مبینہ طور پر اسرائیل کے فضائی حملے میں شامی حکومت کے حامی 18 جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔

برطانیہ میں قائم مانیٹرنگ گروپ کا کہنا ہے کہ شمالی شام میں رات کو فوجی تنصیبات پر میزائل حملوں میں شامی حکومت کے حامی جنگجوؤں بشمول ایرانی جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔

شامی فوج کا کہنا ہے کہ حماۃ اور حلب میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ فوج کے بیان میں ہلاکتوں کا ذکر نہیں کیا گیا۔

تاہم مانیٹرنگ گروپ کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں چار شامی اور 22 غیر ملکی جنگجو مارے گئے ہیں جن میں اکثریت ایرانیوں کی ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ میزائل حملے کس نے کیے۔ تاہم شامی حکومت کے ذرائع بتاتے ہیں کہ بمباری اسرائیلی طیاروں نے کی ہے۔ یاد رہے کہ شام میں فوجی تنصیبات کو مغربی ممالک اور اسرائیل نشانہ بنا چکا ہے۔

شامی فوج کے ایک ذرائع کے حوالے سے سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ اتوار کی رات کو شامی تنصیبات کو نئی جارحیت کا نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب دہشت گرد تنظیموں کو دمشق کے قریب شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں سرکاری فوج نے باغی گروپوں کو غوطہ میں شکست دی تھی۔

مختصر لنک:

کاپی