قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں آج سوموار کوگھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 20 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقامات پرمنتقل کردیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ تلاشی کے دوران غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں برقین کے مقام سے بارودی مواد بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی چینل 7 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سوموار کو غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں تلاشی کے دوران فلسطینی نوجوانوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا جس میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوگیا۔ اس کے علاہ غرب اردن کے دوسرے شمالی شہر نابلس میں بھی فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق اسرائیلی فوج نے رات گئے غرب اردن کے شہروں میں گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔ نامہ نگاروں کے مطابق گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران گھروں میں لوٹ مار کی گئی اور شہریوں کو ہراساں کیا گیا۔
نابلس گورنری میں تلاشی کے دوران پانچ فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان کی شناخت نصر صبری حمدان، سابق اسیر جعفر جاغوب، ناصر فوزی ابو خلیل کے ناموں سے کی گئی ہے۔
نابلس شہر سے شاہراہ 16 پر چھاپے کے دوران معتصم سالم کو حراست میں لیا گیا۔ اس علاقے میں اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان تصادم بھی ہوا اور اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی۔
جنین شہر میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپوں کے دوران دھاتی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔ فلسطینیوں نے اسرائیلی فوجیوں پر سنگ باری کی جس کے نتیجے میں ایک فوجی جیپ کو نقصان پہنچا۔
قابض فوج نے جنین میں مصعب غنام اور احمد نمر ملایشہ کے گھروں میں گھس کر اہل خانہ پرتشدد کیا اور لوٹ مار کی۔
رام اللہ میں گھر گھر تلاشی کی مہم میں 52 سالہ عاید احمد مرار اور ان کے بیٹے کو رام اللہ سے گرفتار کیا گیا۔
الخلیل اور بیت لحم شہروں سے اسرائیلی فوج نے تلاشی کی کارروائی میں 8 فلسطینیوں کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔