فلسطین کے شہری دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں حالیہ طوفانی بارش کے باعث آنے والے سیلاب میں دو کم سن بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جنوبی الخلیل شہر میں سیلابی ریلا اچانک الفوار پناہ گزین کیمپ میں داخل ہوگیا جس کے نتیجے میں دو فلسطینی بچے پانی میں بہہ گئے۔ دونوں کی میتیں پانی سے نکال لی گئی ہیں۔
مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ سیلاب کے نتیجے میں پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت 10 سالہ یزن حنسا عطیہ السراحنہ اور 9 سالہ احمد سمیح عطیہ سراحنہ کےنام سے کی گئی ہے۔ دونوں ایک دوسرے کے کزن ہیں۔ پانی میں ڈوبنے کے کئی گھنٹے تک ان کی لاشوں کو تلاش کیا گیا۔
قبل ازیں فلسطین میں آنے والے سیلاب میں اسرائیلی ملٹری کالج کی ایک بس بھی الٹ گئی جس کے نتیجے میں نو زیرتربیت رنگ روٹ ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔