قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں قائم خضوری ٹیکنیکل یونیورسٹی سیل کرنے کے بعد جامعہ کے طلباء اور عملے کے داخلے پر پابندی عاید کر دی ہے۔
مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے جامعہ الخضوری کو گھیرے میں لے رکھا اور عملے کے کسی کارکن اور طالب علم کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔۔ یونیورسٹی کی طرف آنے والے فلسطینیوں کو آنسوگیس کی شیلنگ اور گولیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج نے جمعرات کو علی الصباح جامعہ الخضوری پر دوھاوا بولا اور فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کی زد میں آ کر ایک طالبہ زخمی ہو گئی جسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی غنڈی گردی کے خلاف طلباء نے احتجاجی مظاہرہ کیا تو قابض فوج نے انہیں منتشر کرنے کے لیے صوتی بموں اور آنسوگیس کی شیلنگ سے نشانہ بنایا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے الخضوری یونیورسٹی کو ملانے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کر دی ہے۔