امریکا میں ایک خاتون مسافر کو جرمانے کی انوکھی سزا کا دلچسپ واقعہ سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک خاتون مسافر کریسٹل ٹوڈلک کا کہنا ہے کہ وہ فرانس کے دارالحکومت پیرس سے امریکا کی ریاست میناسوٹی کے مینا پولس شہر کے لیے روانہ ہوئی۔ ہوائی جہاز میں اسے میزبان نے دوران سفر کھانے میں ایک سیب بھی دیا۔ اس نے دیگر چیزیں تو کھالیں مگر سیب اپنے پرس [بیگ] میں ڈال دیا۔
امریکا میں جب وہ ہوائی جہاز سے اتریں تو کسٹم حکام نے اس کے سامان کی تلاشی لی۔ بیگ سے ایک سیب بھی برآمد ہوا۔ خاتون نے چونکہ حکام کو اپنے بیگ میں موجود سیب کے بارے میں بتایا نہیں تھا۔ اس لیے حکام نے اسے پانچ سو ڈالر جرمانہ کر دیا
تاہم امریکی کسٹم حکام کی طرف سے اس واقعے پر کسی قسم کا رد عمل ظاہر نہیں کیا گیا تاہم کسٹم ٹیم کا کہنا ہے کہ کسی بھی مسافر کو حکام کے سامنے یہ بتانا چاہیے کہ اس کے سامان میں کیا کیا چیزیں شامل ہیں۔
کسٹم حکام کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ ایک خاتون مسافر کے سامان سے ایک سیب ملا تو اسے پوچھا گیا کہ اس نے کیوں رکھا ہوا ہے۔ اسے پھینک دے یا کھائے تاہم اس نے نہ پھینکا اور نہ ہی کھایا۔ اس پراسے جرمانہ کیا گیا۔
ٹوڈلک نے ابھی جرمانہ ادا نہیں کیا۔ اس کے پاس دو آپشن ہیں۔ یا وہ جرمانہ ادا کرے یا عدالت میں پیش ہو۔ اس نےعدالت میں جانے کا آپشن قبول کیا ہے۔ ڈلٹا ایئر لائن جس کےجہاز میں خاتون سوار تھی واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔