قابض صہیونی پولیس نے فلسطین کے علاقے بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے پانچ شہریوں کی قبلہ اول میں داخلے پر پابندی عاید کردی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے پانچ محافظوں کی قبلہ اول میں داخلے پر پابندی عاید کر دی۔ یہ پابندی ایک سے چھ ماہ کے لیے عاید کی گئی ہے۔
فلسطینی محکمہ اوقاف کے شعبہ اطلاعات کے سربراہ فراس الدبس نے کہا کہ اسرائیلی پولیس نے دوسری بار مسجد اقصیٰ کے محافظوں کو حراستی مرکز طلب کیا۔ طلب کیے گئے قبلہ اول کے پہرے داروں فادی علیان، حمزہ النبالی، لوئی ابو سعد، عرفات نجیب اور خلیل الترھونی کو القشلہ حراستی مرکز میں ایک نوٹس دیا گیا جس میں ان کے نام درج تھے۔ انہیں اگلے ایک سے چھ ماہ تک قبلہ اول میں داخلے سے روک دیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ الترھونی کو ایک ماہ اور دیگر چار کو چھ ماہ کے لیے قبلہ اول میں داخلے سے روکا گیا ہے۔