فلسطینی وزارت اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی ریاست ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت غرب اردن اور القدس میں فلسطینی چھاپہ خانوں کو بند کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ گذشتہ دو سال کے دوران قابض صہیونی فوج نے 18 فلسطینی پریس سیںٹرز پر حملے کر کے ان میں توڑ پھوڑ کی، مشینری ضبط کرنےکے بعد انہیں سیل کردیا گیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اس سلسلے کی تازہ کڑی شمالی مغربی بیت المقدس میں بیت عنان کے مقام پر قائم ’الصفا الحدیثہ‘ پرنٹنگ پریس کی بندش ہے۔
فلسطینی وزارت اطلاعات نے فلسطینی پرنٹنگ پریس کی بندش کے اسرائیلی جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ڈاکہ زنی کی ایک نئی سازش قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی ریاست فلسطینی صحافت کا گلہ گھونٹنے کے لیے چھاپہ خانوں کوبند کرنے کی پالیسی پرعمل پیراہے۔ 2016ء اور 2017ء کے دوران مجموعی طورپر 18 پرنٹنگ پریس بند کردیے گئے۔
بیان میں صہیونی ریاست کی طرف سے فلسطینی چھاپہ خانوں کی بندش کو ذرائع ابلاغ پرقدغنیں لگانے کا نیا خطرناک حربہ قرار دیا ہے۔