چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیل فلسطینی مظاہرین پر طاقت کےاستعمال سے باز رہے: یو این

ہفتہ 21-اپریل-2018

اقوام متحدہ نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ مشرقی غزہ کی پٹی میں سرحد پر جمع ہونے والے پرامن فلسطینی مظاہرین پر طاقت کے استعمال سے باز رہے۔

اقوام متحدہ کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیاہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔

جمعہ کو علی الصباح اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحد پر طیاروں کے ذریعے پمفلٹ گرائے جن پر فلسطینیوں کو غزہ کی سرحدکی طرف بڑھنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔

فلسطینی اراضی میں متعین اقوام متحدہ کے مندوب برائے انسانی حقوق جیمی مک گولڈریک نے ایک پریس بیان میں کہا کہ اسرائیل فوج پرامن فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کےاستعمال کا راستہ ترک کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کی رٹ قائم کرنے کی آڑ میں نہتےمظاہرین کو طاقت سے کچلا نہیں جا سکتا ہے۔

انہوں نے غزہ میں اسرائیلی پابندیوں کے باعث جاری بحران کے حل کےلیے فوری اور موثر اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

عالمی ادارے کے مندوب کا کہنا ہے کہ 30 مارچ کےبعد اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی میں احتجاج کے لیے جمع ہونے والے فلسطینیوں پر طاقت کا بے دریغ استعمال کرکے 36 فلسطینیوں کو شہید اور 4200 سے زاید کو زخمی کرنے کی مرتکب ہوئی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی