مسجد اقصیٰ کے امام اور خطیب الشیخ ابو اسنینہ نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں رہنے والے فلسطینیوں کے خلاف مظالم کا سلسلہ بند کیا جائے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مسجد اقصیٰ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں الشیخ ابو اسنینہ نے کہا کہ غزہ کے عوام قریب اور دور سے محصور کیے جا چکے ہیں۔ دشمن سے پہلے دوستوں نے ان پر مظالم ڈھا رکھے ہیں۔ ان کی زندگیاں انتہائی کٹھن ہوچکی ہیں۔ کیا کوئی ان کی مدد کرنے والا ہے۔
فلسطینی عالم دین نے مسلمان حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ خلیفہ دوم سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ اور عمر بن عبدالعزیز کی سیرت کا مطالعہ کریں اور یہ جانیں کہ ان کے دور میں مسلم امہ نے کیسے ترقی کی تھی۔
الشیخ ابو اسنینہ نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کے نتیجے میں بیت المقدس میں شجر، حجر اور بشر سب متاثر ہیں۔ مساجد جیسے مقدس مقامات بھی صہیونیوں کی شر انگیزیوں سے محفوظ نہیں۔