فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں رفح کے مقام پرعسکری تربیت کے دوران ہونے والے دھماکے میں اسلامی جہاد کے چار کارکن شہید ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کے شہید ہونے والے چار کارکنوں کے جسد خاکی یوسف النجار اسپتال منتقل کیے گئے۔
القدرہ نے شہید ہونے والے کارکنوں کی شناخت عاید صالح احمد الحمایدہ، امجد حسنی محمد القاطروس، ھشام محمد عطوہ عبدالعال اور ھاشم عبدالفتاح عثمان کلاب کے ناموں سے کی ہے۔ ان کی عمریں 18 سے 23 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔
اسلامی جہاد اور تنظیم کے عسکری ونگ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرت ہوئے شہداء کے مشن پر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ادھر اسرائیل کے عبرانی ٹی وی چینل 14 نے فوج کے ترجمان کے حوالے سے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ اسلامی جہاد کے کارکنوں کو اسرائیلی فوج نے نشانہ بنایا تھا۔