فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں فلسطینیوں کی احتجاجی ریلیوں پر صہیونی فوج کی وحشیانہ فائرنگ اور آنسوگیس شیلنگ کے نتیجے میں 156 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’ہلال احمر فلسطین‘ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی مظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے دریائے اردن کے مغربی کنارے اور بیت المقدس میں ہزاروں فلسطینی سڑکوں پر نکل آئے۔ اس موقع پر تعینات قابض صہیونی فوج اور پولیس نے پرامن مظاہرین پر اندھا دھند شیلنگ کی اور سیدھی گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں ڈیڑھ سو سے زاید فلسطینی زخمی ہوگئے۔
ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی فوج کی سیدھی فائرنگ سے 6 فلسطینی شدید زخمی ہوئے ہیں۔ 43 مظاہرین دھاتی خول میں لپٹی ربڑ کی گولیوں سے زخمی ہوئے جب کہ آنسوگیس کی شیلنگ سے 107 زخمیوں کو فوری طبی امداد مہیا کی گئی۔
قبل ازیں غرب اردن میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں 21 فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات تھیں جنہیں ہلال احمر کے امدادی کارکنوں نے موقع پر طبی امداد مہیا کرنے کےبعد ایمبولینسوں کی مدد سے اسپتالوں میں منتقل کردیا تھا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ، شمالی علاقے نابلس اور مشرقی بیت المقدس میںابودیس کے مقام پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جن میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق رام اللہ میں زخمی ہونے والے 14 افرادکو اسپتالوں میں لایاگیا ہے۔ ان میں سے سات افراد بندوق کی سیدھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔