جمعه 15/نوامبر/2024

قبلہ اول میں معراج کی پروقار تقریب، حمد و نعت اور نوافل کا اہتمام

جمعہ 13-اپریل-2018

فلسطین میں گذشتہ شب 27 رجب المرجب کو اسراء ومعراج پورے مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی گئی۔ فلسطین بھر کی مساجد میں رات بھر خصوصی مذہبی تقریبات، دروس ہائے قرآن، دینی معلومات کے پروگرامات، نوافل اور نبی مہربان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں گل ہائے عقیدت پیش کیے گئے۔

معراج کے موقع پر مسجدا قصیٰ میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پرعلماء، مبلغین، اسلامی اوقاف کے عہدیدار اور بڑی تعداد میں نمازیوں نے شرکت کی۔ معراج کے جشن کے موقع پر القدس سے پورے پورے خاندان قبلہ اول میں آئے۔

معراج کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے اسلامی اوقاف کے چیرمین الشیخ عبدالعظیم سلھب، چیف جسٹس الشیخ واصف البکری اور مسجد اقصیٰ کے ڈائریکٹر الشیخ عمر الکسوانی سمیت دیگر علماء نے خطاب کیا۔ مقررین نے معراج کے موقع پر پورے عالم اسلام سے اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قبلہ اول اور القدس پورے عالم اسلام کا ہے اور اس میں کوئی اور شریک نہیں۔ انہوں نے مسجد اقصیٰ اور القدس کا محاصرہ ختم کرنے اور فلسطین کے دوسرے علاقوں کے شہریوں کو قبلہ اول تک رسائی کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔

اس موع پر شہریوں نے یہودی آباد کاروں کے قبلہ اول پر دھاووں کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

بعد ازاں قبلہ اول میں نعت خوانی تقریب منعقد کی گئی جس میں فلسطین سے آئے نعت خواں حضرات نے حمد ونعت سے شرکاء کے جذبات کو مہمیز دی۔

اس موقع پر مسجد اقصیٰ کے خطیب الشیخ عکرمہ صبری نے فلسطینی عوام پر زور دیا کہ وہ قبلہ اول کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط بنائیں۔

مختصر لنک:

کاپی