سعودی عرب نے کہا ہے کہ وہ امریکا اور دوسرے اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر شام میں بشارالاسد کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے تیار ہے۔
فرانسیسی صدر سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن عبدالعزیز نے کہا کہ ضرورت پڑی تو وہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر شام میں فوجی کارروائی میں تاخیر نہیں کرے گا۔
شہزادہ محمد سے پوچھا گیا کہ بشارالاسد اس وقت شام میں اقتدار پر بدستور موجود ہیں اور انہوں نے اقتدار پر اپنی گرفت مزید مضبوط کرلی ہے۔ ایسے میں اگر شام میں امریکا فرانس اور دوسرے ممالک کارروائی کا ارادہ فیصلہ کرتے ہیں تو کیا سعودی عرب بھی ساتھ دے گا تو انہوں نے کہاکہ اگر اتحادی ممالک نے ایسا کوئی بھی فیصلہ کیا تو سعودی عرب پیچھے نہیں رہے گا۔
خیال رہے کہ شامی فوج پر الزام ہے کہ اس نے حال ہی میں محصور علاقے دوما میں کیمیائی ہتھیاروں سےحملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں سیکڑوں عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوگئے تھے۔ اس واقعے کے بعد امریکا اور بعض دوسرے ملکوں نے شام کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکیاں دینا شروع کی ہیں۔