قابض صہیونی فوج نے گذشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طوباس میں تیاسیر کے مقام پر فلسطینیوں کے گھروں کے اندر مشقیں شروع کر دیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار نے بتایا کہ صہیونی فوج کی بھاری نفری نے طوباس کے مشرقی قصبے تیاسیر کو گھیرے میں لیا۔ فلسطینی شہریوں کو ان کے گھروں سے نکالا اور وہاں پر نشانہ بازی کی مشقیں شروع کر دیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ منگل کے روز سیکڑوں کی تعداد میں صہیونی فوجیوں نے تیاسیر قصبے کی سڑکوں، گلیوں اور گھروں پر دھاوا بولا۔ فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے نکال دیا گیا اور رات بھر فلسطینی جن میں بچے اور خواتین کی تعداد زیادہ تھی گھروں سے باہر کھلے آسمان تلے رہے۔
غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی فلسطینیوں کے گھروں کے اندر مشقوں کا یہ پہلا موقع نہیں۔ ماضی میں بھی قابض صہیونی ریاست فلسطینیوں کی آبادی والے علاقوں کو چھاؤنی میں تبدیل کرکے مشقیں کرتی اور فلسطینی آبادی کو ان کے گھروں سے بے دخل کرتی رہی ہے۔ اب یہ ڈرامہ روز کا معمول بن چکا ہے۔