چهارشنبه 30/آوریل/2025

عیسائی پادری کا فلسطینی مزاحمت کاروں کے لیے جرات مندانہ پیغام

بدھ 11-اپریل-2018

فلسطین کے ایک سرکردہ عیسائی مذہبی رہ نما اور اسلامی مسیحی مقدسات کے دفاع کے لیے قائم کردہ فلسطینی کمیٹی کے رکن مانویل مسلم نے فلسطینی قوم کی ’حق واپسی‘ کے لیے جاری تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی حق واپسی کی تحریک میں فلسطین کی عیسائی اور مسلمان برادری ایک صف میں کھڑی ہیں۔

عیسائی پادری مانویل مسلم نے ان خیالات کا اظہار ’مرکزاطلاعات فلسطین‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر فلسطینی حق واپسی کے لیے مزاحمت، بات چیت اور اس کے ساتھ وابستگی ترک کریں گے تو ان کا یہ دیرینہ حق ان سے چھین لیا جائے گا۔

غزہ میں قائم ’اللاتین چرچ‘ کے سابق بشپ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فلسطینیوں کی عظیم الشان حق واپسی تحریک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی فلسطین کے خلاف سازشوں کا جواب اور ٹرمپ کے منہ پر طمانچہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم کوئی نئی تحریک شروع نہیں کررہی ہے بلکہ فلسطینی 70 سال سے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کررہے اور جنگ لڑ رہےہیں۔ انہوں نے خبردار کیاکہ اگر فلسطینیوں نے مزاحمت ترک کی تو وہ اپنے حق واپسی سے محروم ہوجائیں گے۔

امانویل مسلم نے کہا کہ وہ ماضی میں بھی فلسطینی قوم کو اپنے حقوق کے لیے جدو جہد کی ترغیب دیتے رہےہیں اور آئندہ بھی ایسا کرتے رہیں گے۔ فلسطینیوں کو جہاں جہاں سے نکالا گیا انہیں واپس وہاں آباد ہونے کا حق ہے۔ وقت گذرنے سے کسی قوم کا حق ساقط نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے واپسی مارچ کے شرکاء کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ’القدس کی طرف اپنے ہاتھ اٹھا کر چلو۔ القدس کے لیے نعرے لگاؤ اور کہا کہ اے القدس تیرے بیٹے تیری طرف آ رہےہیں۔ ہماری تمام قوتیں، عقل، جبروت، مزاحمت اے القدس تیرے لیے ہے۔ ہم تیری طرف آ رہےہیں کیونکہ تو فلسطینیوں کا وطن ہے اور ہم تیری قوم ہیں‘۔

انہوں نے واپسی مارچ میں شریک تمام شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے ان علاقوں، شہروں اور قصوبوں پر نظر رکھیں جہاں سے انہیں اور ان کے آباؤ اجداد کو نکالا گیا ہے۔ جسے السوافیر سے نکالا گیا وہ اسے یاد کرے، بئر سبع کا وہاں جانے کی جدو جہد کرے اور وہ وقت زیادہ دور نہیں جب فلسطینی قوم اپنے حق واپسی اور دیگر تمام حقوق سے بہرہ مند ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں عیسائی رہ نما نے کہا کہ میں بھی اپنے شہر میں واپس لوٹوں گا، میں نہیں تو میرے بچے، میرے بچوں کے بچے واپس جائیں گے، حیفا، یافا، اللد اور الرملہ کو آباد کریں گے۔

فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کےاستعمال پر بات کرتے ہوئے امانویل مسلم نے کہا کہ ہمیں صہیونی دشمن سے کوئی خوف نہیں۔ دشمن نے حق واپسی کا مطالبہ کرنے والے ہمارے کئی بیٹے شہید کردیے۔ دشمن کو ہم سے ڈرنا ہوگا۔ فلسطینی اپنے اوپر ڈھائے مظالم کا بدلہ ضرور لگے اور شہداء کی قربانیوں اور خون کر رائے گاں نہیں جانے دے گی۔

مختصر لنک:

کاپی