چهارشنبه 30/آوریل/2025

’یونیسکو‘ کی غزہ میں نہتے فلسطینی مظاہرین کے قتل عام کی شدید مذمت

بدھ 11-اپریل-2018

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس وثقافت ’یونیسکو‘ نے ایک بیان میں فلسطین کے علاقے غزہ میں حق واپسی کے لیے احتجاج کرنے والے فلسطینی پناہ گزینوں پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد اور پرامن مظاہرین کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’یونیسکو‘ کی خاتون ڈائریکٹر اوڈری ازولائی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ کی مشرقی سرحد پر جمع ہونے والے فلسطینی مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہی ہے جو کہ ناقابل قبول ہے۔ بیان میں اسرائیلی فوج کے حملے میں فلسطینی صحافی یاسر مرتجیٰ کے قتل کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مسز ازولائی کا کہنا ہے کہ صحافی یاسر مرتجیٰ کا قتل ایک وحشیانہ کارروائی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ اسرائیلی فوج نہتے مظاہرین اور ریلیوں کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو دانستہ طورپر گولیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے یاسر مرتجیٰ اور دیگر شہریوں کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کامطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کو اسرائیلی فوج نے مشرقی غزہ میں حق واپسی کےلیے احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر براہ راست فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں ایک صحافی سمیت ایک درجن فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔ اس سے قبل 30 مارچ کو ’یوم الارض‘ کے موقع پر قابض صہیونی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں میں ڈیرھ درجن فلسطینی شہید اور پندرہ سو کے لگ بھگ زخمی ہوگئے تھے۔

مختصر لنک:

کاپی