اسرائیلی فوج اور پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس کے تمام اہم مقامات پر بھاری نفری تعینات کرکے شہر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کل ہفتے کے روز عیسائیوں کے مذہبی تہوار’السبت النور‘[شنبہ مقدس] کے موقع پرسیکیورٹی کی آڑ میں پورے شہر کو چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا تھا۔
خیال رہےکہ ’ایسٹر‘ کے تہوار سے قبل عیسائی ’السبت النور‘ نامی تہوار مناتے ہیں۔ یہ تہوار ایسٹر سے پہلے آخری جمعہ اور اتوار کے بعد درمیان آنے والے ہفتے کے روز منایا جاتا ہے۔ آرتھوڈوکس عیسائی اس تہوار کا مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ اہتمام کرتے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق ہفتے کے روز مقامی اور غیرملکی عیسائیوں کی بڑی تعداد نے القدس میں قائم ’القیامہ چرچ‘ میں آنا شروع ہوئی تو اسرائیلی فوج نے غیرملکی مسیحی زائرین کو چرچ میں جانے سے روک دیا۔ انہوں نے چرچ کے قریب حرم قدسی کے پاس باب الخلیل کے سامنے مذہبی رسومات ادا کیں۔
عینی شاہدین کے مطابق عیسائیوں کے مذہبی تہوار کے موقع پر اسرائیلی فوج اور عیسائی زائرین کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی۔ زائرین نے القیامہ چرچ کی طرف جانے سےروکنے کی شدید مذمت کی اور اسے ان کے مذہبی امور میں مداخلت قرار دیا۔