جمعه 15/نوامبر/2024

سیاسی بنیادوں پر گرفتار فلسطینیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ

جمعہ 6-اپریل-2018

فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت سیکیورٹی اداروں کی طرف سے سیاسی بنیادوں پر گرفتار سیاسی کارکنوں کی رہائی کے لیے مطالبہ جاری ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق  رام اللہ میں  شہریوں کی بڑی تعداد میں فلسطینی اتھارٹی کی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

اسیران کے اہل خانہ پر مشتمل کمیٹی کے زیراہتمام ہونے والے مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر سیاسی بنیادوں پر گرفتار فلسطینیوں کی فوری رہائی کے مطالبات درج تھے۔ اس کے علاوہ زیرحراست فلسطینیوں کے بچوں نے اپنے گرفتار والدین کی تصاویر بھی اٹھا کر احتجاج کیا۔

ادھر اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘  کے رہ نما جمال الطویل نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں الزام عاید کیا کہ فلسطینیی اتھارٹی حماس اور اسلامی جہاد کے کارکنوں کو خصوصی طورپر انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔

انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس پر زور دیا کہ وہ غرب اردن میں سیاسی بنیادوں پر کریک ڈاؤن کا نوٹس لیں اور بلا جواز گرفتار سیاسی کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کریں۔

خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی ماتحت پولیس نے غرب اردن میں سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ بلا جواز گرفتاریوں کے باعث شہریوں میں فلسطینی اتھارٹی کے خلاف سخت غم وغصے کی فضاء پائی جا رہی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی