فلسطین میں کل جمعہ کے روز’یوم الارض‘ مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج کی وحشیانہ ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے 16 فلسطینیوں کو آج غزہ میں ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق شہید ہونے والے فلسطینیوں کے جنازوں میں ہزاروں فلسطینیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے اور شہری سخت مشتعل دکھائی دے رہے تھے۔
دوسری جانب غزہ کی پٹی، مقبوضہ مغربی کنارے، بیت المقدس اور فلسطین کےدوسرے علاقوں میں غزہ میں اسرائیلی فوج کی دہشت گردی میں سولہ فلسطینیوں کی شہادت کے خلاف ملک بھر میں سوگ منایا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں کاروباری اور تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں۔
قبل ازیں فلسطینی قیادت نے اسرائیلی فوج کی طرف سے 42 ویں ’یوم الارض‘ پر نہتے فلسطینی مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے حملوں میں ایک درجن سے زاید فلسطینیوں کی شہادت پرآج ہفتے کو ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے عالمی برادری سے پرزو اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینی مظاہرین کو اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں سے تحفظ فراہم کرے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل مندوب ریاض منصور کو ہدایات کی ہیں کہ وہ فلسطینیوں کے عالمی تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔
ادھر فلسطینی حکومت کے ترجمان یوسف المحمود نے کہا ہے کہ آج ہفتے کو ملک بھرمیں تعلیمی اور کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی اور ملک بھر میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف سوگ منایا جائے گا۔