فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج نے توپ خانے سے گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کو علی الصباح جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں نیو عبسان کے مقام پرتوپ خانے سے فلسطینی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
مقامی طبی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی کاشت کار شہید جب کہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔
ہمارے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں توپ خانے سے متعدد گولے داغے جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری شہید ہوگیا۔ شہید فلسطینی کی شناخت 27 سالہ عمر وحید نصراللہ سمور کے نام سے کی گئی ہے۔
فلسطینی شہری کی شہادت کایہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب فلسطین بھر میں آج تیس مارچ کو ‘یوم الارض‘ کے حوالے سے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ غزہ کی پٹی میں سب سے بڑا ملین مارچ غزہ کی سرحد کی طرف بڑھنا شروع ہوگیا ہے۔