اقوام متحدہ کے امن مندوب برائے مشرق وسطیٰ نیکولائے ملادینوف نے کہا ہے کہ چار جون سنہ 1967ء کو اسرائیل نے جن فلسطینی علاقوں پرقبضہ کیا تھا ان پرصہیونی ریاست کو کسی قسم کی تبدیلی اور تصرف کا حق حاصل نہیں۔ بیت المقدس سمیت دیگرمقبوضہ عرب علاقوں پرصہیونی ریاست کا قبضہ غیرقانونی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق نیویارک میں سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی توسیع پسندانہ سرگرمیاں مشرق وسطیٰ میں دیر پا قیام امن اور تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تنازع فلسطین اور اس سے ملحقہ تمام دیگر تنازعات کا بہتر اور مناسب حل اقوام متحدہ کی قراردادو پر عمل درآمد میں پنہا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے چار جون 1967ء کی سات روزہ جنگ میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں سمیت کئی پڑوسی عرب ممالک کے علاقوں پر قبضہ کرلیا تھا۔ ان میں فلسطین کے غرب اردن، مقبوضہ بیت المقس، مصر کے جزیرہ نما سینا، اور شام کا وادی گولان کا علاقہ شامل ہیں۔ مصر نے جزیرہ نما سینا اسرائیل کے ساتھ معاہدے کے تحت واپس لے لیا تھا۔