فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ میں یہودی آباد کاروں کے دھاوے اور مقدس مقام کی مجرمانہ بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ کل اتوار کو اسرائیلی فوج کی فول پروف سیکیورٹی میں مزید 92 یہودی آباد کارمسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور قبلہ اول میں گھس کرنام نہاد مذہبی رسومات کی ادائی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں اور اشتعال انگیز حرکات کا ارتکاب کیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین نے فلسطینی محکمہ اوقاف کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اتوار کوعلی الصباح دو درجن یہودی آباد کار مراکشی دروازے کے راستے قبلہ اول میں داخل ہوئے اور حرم قدسی کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔ یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ میں مراکشی دروازے اور باب السلسلہ سے داخل ہوئے۔ یہودی آبادکاروں کو اسرائیل پولیس کی طرف سے فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔
خیال رہےکہ رواں ماہ مارچ کےدوران اب تک 1500 یہودی آبادکاروں نے مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔