فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی دراندازی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شمالی غزہ کے علاقے جبالیا میں اسرائیلی فوج کی متعدد گاڑیاں اور بلڈورز بیسیوں میٹر اندر داخل ہوئے۔
عینی شاہدین نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ شمالی غزہ سے اسرائیلی فوج کے چار بلڈوز اور کھدائی کرنے والی مشینیں دسیوں میٹر اندر داخل ہوئیں اور سرنگوں کی تلاش کی آڑ میں سرحدی علاقے میں کھدائی کی۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں سے بھی دراندازی اور کھدائی کی کارروائی کی نگرانی کی گئی۔
خیال رہے کہ سنہ 2014ء کو غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی جنگ کے بعد طے پائی جنگ بندی میں غزہ میں درندازی نہ کرنے کا بھی معاہدہ شامل تھا مگر قابض فوج آئے روز اس معاہدے کی کھلے عام خلاف ورزیاں کررہی ہے۔