قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر ہفتے کی شام اور اتوار کو علی الصباح شدید بم باری کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے 13 مقامات پر بمباری کی۔ اسرائیلی طیاروں نے اتوار کو علی الصباح جنوبی غزہ میں صلاح الدین روڈ پر نساریم چوک، مشرقی الزیتون کالونی میں تیونس، اور مشرقی غزہ میں زرعی اراضی پر بمباری کی۔
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے غزہ میں نچلی پروازوں کا سلسلہ بڑھا دیا جس کے باعث مقامی شہری سخت خوف کا شکار ہیں۔ غزہ کی پٹی کے شمال سےجنوب کی طرف اسرائیلی جنگی طیاروں کو اڑانیں بھرتے دیکھا گیا ہے۔
ہماری نامہ نگار نے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی طیاروں کی بم باری کے دوران توپ خانے سے جوابی کارروائی کی گئی۔
قبل ازیں وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ہفتے کی شام اسرائیلی بمباری سے متعدد شہری زخمی ہوگئے تھے تاہم تازہ بمباری کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔