چهارشنبه 30/آوریل/2025

غزہ: وزیراعظم پر حملے کی تحقیقات میں معاونت سے انکار پر فون کمپنی بند

اتوار 18-مارچ-2018

فلسطینی وزیراعظم رامی الحمد اللہ کے حال ہی میں غزہ کی پٹی کے دورے کے دوران قافلے پر ہونے والے حملے کے بعد تحقیقات میں عدم تعاون پر قطر کی ایک موبائل کمپنی کو بند کردیا گیا ہے۔

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم پر قاتلانہ حملے میں تعاون نہ کرنے پر قطری۔ فلسطینی موبائل فون کمپنی کے غزہ میں دفاتر بند کردیے گئے ہیں۔

غزہ میں ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل توفیق ابو نعیم  نے بتایا کہ ’نیشنل موبائل‘ فون کمپنی قطر کی’اوریڈو‘ کمپنی کے تحت کام کرتی ہے۔ اس کمپنی کو وزیراعظم پر حملے میں تعاون نہ کرنے پر بند کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے وزیراعظم رامی الحمد اللہ رام اللہ سے غزہ کی پٹی میں پہنچے تو ان کے قافلے کے قریب ایک زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے میں ان کے ایک ذاتی محافظ سمیت سات افراد زخمی ہوگئے تھے۔

الحمد اللہ کی حکومت نے اس واقعے کی ذمہ داری حماس پر عاید کی تھی تاہم سنہ2007ء سے غزہ پر کنٹرول کرنےوالی تنظیم حماس نے حکومتی الزام مسترد کردیا تھا۔

پولیس کی طرف سے یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا قطری کمپنی کی موبائل سروس بھی بند کردی گئی ہے یا نہیں۔

مختصر لنک:

کاپی