انسانی مسرت اور خوشی کی عالمی درجہ بندی میں اس سال فن لینڈ پہلے نمبر پر رہا جب کہ پاکستان نے بھارت پر بھی برتری حاصل کی ہے۔
امیرہونے کے باوجود امریکا میں خوشی کا رحجان کم ہے۔ اقوام متحدہ کے جاری کردہ خوشی کے عالمی انڈیکس میں پاکستان 75 ویں پوزیشن اور بھارت 133 ویں پوزیشن پر آیا ہے۔
دو ہزار اٹھارہ کے خوشی کے انڈیکس میں سارک ممالک میں سے پاکستان پچھلے سال کے مقابلے میں 5 درجے بہتری کے ساتھ 75 ویں پوزیشن پر ہے جبکہ بھوٹان 97، نیپال 101 ، بنگلہ دیش 115، سری لنکا 116، بھارت 133 اور افغانستان 145 ویں درجے پر آیا ہے یعنی افغانستان کو چھوڑ کر جنوبی ایشیا میں بھارت سب سے پیچھے ہے۔
اقوام متحدہ کے 2018 کے خوشی کے انڈیکس میں 156 ممالک کا فی کس آمدنی، سماجی سپورٹ، صحت مند زندگی، سماجی آزادی، فراخ دِلی اور شفافیت جیسے شعبوں میں جائزہ لیا گیا۔
فن لینڈ کے بعد ناروے، ڈنمارک، آئیسلینڈ، سوئٹرزلینڈ، ہالینڈ، کینیڈا، نیوزی لینڈ، سویڈن اور آسٹریلیا خوش رہنے والے ملکوں میں سر فہرست ہیں۔
اس سالانہ سروے میں فن لینڈ کو دنیا کا سب سے خوش ملک پایا گیا جبکہ امریکی باشندوں میں زیادہ کمانے کے باوجود خوشی کم ہوتی جا رہی ہے،اس سال امریکا 14 سے گر کر 18 ویں نمبر پر اور برطانیہ 19 ویں نمبر پر ہے۔