لبنان کے ایک سابق وزیر اور لبنان ۔ فلسطین ڈائیلاگ کونسل کے چیئرمین ھسن منیمنہ نے کہا ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کو ’پناہ گزین‘ کا اسٹیٹس اقوام متحدہ کی طرف سے دیا گیا ہے جسے کسی صورت میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سابق وزیر نے وزیرخارجہ جبرال باسل کے اس بیان کو مسترد کردیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی فلسطینی پناہ گزین لبنان چھوڑ کر جاتا ہے تو اس کا نام ’اونروا‘ کی فہرست سےنکال دیا جائے گا۔
القدس ٹی وی کودیے گئے انٹرویو میں منیمنہ نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہمیں فلسطینی پناہ گزینوں کے اسٹیٹس کے حوالے سے کوئی شک اور شبے کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ اونروا کی فہرست میں جس فلسطینی کو پناہ گزین کا درجہ حاصل ہے اسے یہ درجہ اس وقت تک ملنا چاہیے جب تک عالمی سطح پر فلسطینی پناہ گزینوں کا معاملہ حل نہیں ہوجاتا۔
انہوں نے کہا کہ ’اونروا‘ کی رجسٹریشن کا کسی دوسرے ملک کی شہریت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔ اگر کوئی فلسطینی پناہ گزین کسی دوسرے ملک کی شہریت حاصل بھی کرتا ہے تب بھی اس کا فلسطینی پناہ گزین کا اسٹیٹس برقرار رہے گا۔