اسرائیل کے عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی 14 کے مطابق غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں مفتو دوتان یہودی کالونی کے داخلی راستے پر ایک فلسطینی شہری نے اپنی کار اسرائیلی فوجیوں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
بعد ازاں عبرانی ٹی وی 10 نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ زخمی ہونے والے دو فوجیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے اور اسے آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے۔
اسرائیل کے عبرانی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی نوجوان کی گاڑی کی ٹکر سےزخمی ہونے والے دو اسرائیلی فوجیوں میں سے ایک بعد میں دم توڑگیا تاہم سرکاری سطح پر موت کی تصدیق نہیں کی گئی۔
عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج نے حملہ آور کو زخمی حالت میں حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
واقعے کے فوری بعد اسرائیلی فوج کی ایمبولینسیں اور ہیلی کاپٹر بھی جائےوقوعہ پر پہنچ گئے تھے۔
عبرانی ٹی وی 10 کے مطابق حملہ آور کو معمولی زخم آئے ہیں۔ اس کا تعلق جنین کے شمال مغربی قصبے برطعہ سے ہے اور اس کی شناخت عھا قبھاء کے نام سے کی گئی ہے۔ قبھاء سابق اسیر ہے اور اسے ایک سال قبل اسرائیلی جیل سے رہا کیا گیاتھا۔
عبرانی ٹی وی 14 کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکار ’کیدم‘ بریگیڈ‘ سے تعلق رکھتے ہیں۔
ادھر اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنین میں ہونے والی کارروائی فدائی حملہ معلوم ہوتی ہے۔ حملہ آور ماضی میں بھی کئی مزاحمتی کارروائیوں میں ملوث رہ چکا ہے۔
عبرانی ذرائع کے مطابق علاء راتب قبھا کی شناخت کے بعد اس کے گھر پر چھاپے مارے گئے ہیں اور قابض فوج نے گھر میں گھس کر توڑپھوڑ اور اہل خانہ کو بھی زدو کوب کیا ہے۔
قبھا کو 11 ماہ قبل اسرائیلی جیل سے ڈیڑھ سال قید کے بعد رہا کیا گیا تھا۔