مقبوضہ بیت المقدس میں جمعرات کے روز اسرائیلی فوج نے پرامن فلسطینی مظاہرین پر وحشیانہ فائرنگ، آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 38 فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ہلال احمر فلسطین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو اسرائیلی فوج نے مشرقی بیت المقدس میں العیزریہ کے مقام پر نہتےفلسطینیوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 27 فلسطینی شہری زخمی ہوئے۔
ہلال احمر کے مطابق قابض فوج کی براہ راست فائرنگ اور دھاتی گولیوں سے کی گئی بوچھاڑ سے 9 فلسطینی زخمی ہوئے جب کہ دو فلسطینی اسرائیلی فوج کے وحشیانہ لاٹھی چارج سے زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس چھ دسمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے بعد القدس سمیت پورے فلسطین میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج پرامن فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتی ہے۔