اسرائیلی عدالت نے انتظامی قید کے تحت پابند سلاسل اسلامی جہاد کے دو رہ نماؤں سعید نخلہ اور بسام ابو عکر کی مدت حراست میں چار چار ماہ کی توسیع کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی فوج نے الشیخ سعید نخلہ کو 23 نومبر 2017ء کو حراست میں لیا تھا جس کے بعد انہیں چار ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
اسلامی جہاد کے دوسرے رہ نما بسام ابو عکر کو 27 جولائی 2017ء کو حراست میں لیا گیا اور انہیں دو بار چھ چھ ماہ قید کی سزائیں سنائی گئیں۔
الشیخ سعید نخلہ اسلامی جہاد کے بانی رہ نماؤں میں شامل ہیں۔ ان کا تعلق غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ کے الجلزون کیمپ سے ہے۔ وہ اب تک مجموعی طورپر 16 سال اسرائیلی زندانوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔
بسام ابو عکرکاتعلق بیت لحم کے عایدہ کیمپ سے ہے۔ ان کےساتھ بچے ہیں اور وہ اسلامی جہاد کے رکن ہونے کی پاداش میں 20 سال قید کاٹ چکے ہیں۔