جمعه 15/نوامبر/2024

حملے ناقابل برداشت، سری لنکا مسلمانوں کو تحفظ دے:او آئی سی

جمعرات 8-مارچ-2018

اسلامی تعاون تنظیم ’او آئی سی‘ نے سری لنگا میں بدھ انتہا پسندوں کی طرف سے مسلمانوں کی جان ومال اور املاک پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سری لنکن حکومت سے مسلمان اقلیت کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جدہ میں قائم او آئی سی کے صدر دفتر سےجاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سری لنکا میں بدھ مذہب کے انتہا پسندوں کے مسلمانوں پرحملے ناقابل برداشت اور انتہائی افسوسناک ہیں۔ انہیں فوری بند کیا جائے۔

بیان میں سری لنکا کی ریاستوں امبالا، کینڈی، ڈیگانا اور دیگر مقامات پر مساجد پرحملوں،مسلمانوں پر تشدد اور مسلمان تاجروں کی دکانوں اور گھروں کونذرآتش کرنے کے واقعات کو منظم جارحیت قرار دیتے ہوئے ان کے موثر انسداد کا مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ سری لنکن شہر کینڈی کے بعض علاقوں میں بودھ مذہب سے تعلق رکھنے والی اکثریتی سنہالا برادری کی جانب سے مسلمانوں کی دکانوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات کے بعد کرفیو نافذ ہے۔

سری لنکن حکام کو خدشہ ہے کہ جلائی گئی ایک عمارت سے ایک نوجوان مسلمان کی لاش برآمد ہونے کے بعد انتقامی حملے ہو سکتے ہیں۔

علاقے میں کشیدہ حالات اس وقت پیدا ہوئے جب ایک ہفتہ قبل مبینہ طور پر چند مسلمانوں نے ٹریفک سگنل پر لڑائی کے بعد ایک بودھ نوجوان پر تشدد کیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔

گذشتہ ہفتے ملک کے مشرقی شہر امراپرا میں بھی مسلم مخالف پرتشدد واقعات پیش آئے تھے۔ اس کے علاوہ گذشتہ دو ماہ کے دوران گال میں مسلمانوں کے ملکیتی کاروباروں اور مساجد پر حملوں کے 20 سے زیادہ واقعات پیش آئے ہیں۔

خیال رہے کہ سری لنکا میں کشیدگی سال 2012 سے پائی جاتی ہے جس میں رجعت پسند بدھ مت گروپوں پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں۔

کینڈی میں بودھ مذہب سے تعلق رکھنے والی اکثریتی سنہالا برادری کی جانب سے مسلمانوں کی دکانوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات کے بعد کرفیو نافذ ہے

گذشتہ برس جون میں پولیس نے مبینہ طور پر مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم میں ملوث ایک بودھ مذہبی رہنما کو گرفتار کیا تھا۔

ان پر مسلمانوں کے خلاف حملے اور آتش زنی کرنے جیسے متعدد الزامات ہیں جس سے ملک میں مذہبی منافرت اور کشیدگی میں اضافہ ہوا۔

اس وقت پولیس کا کہنا تھا کہ جس شخص کو حراست میں لیا گیا ہے ان کا کولمبو کے مضافات میں ہونے والی آتشزدگی سے براہ راست تعلق ہے۔ گرفتار کیے گئے مذکورہ شخص کو پوچھ گچھ کے لیے پولیس کی تحویل میں لیا گیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی