فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں قلندیہ کے مقام پر خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے نکالی گئی ایک ریلی پر اسرائیلی فوج نے اندھا دھند شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کم سے کم آٹھ مظاہرین زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق آج آٹھ مارچ کو خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے بدھ کے روز نکالی جانے والی ریلی کو منتشر کرنے کے لیے اسرائیلی فوج نے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی، براہ راست گولیاں چلائیں اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم آٹھ شہری زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ریلی میں شریک شہریوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کے باعث آٹھ مظاہرین زخمی ہوگئے جب کہ متعدد شہری دم گھٹنے سے بے ہوش بھی ہوئے ہیں۔
ہلال احمر فلسطین کے مطابق اس کے امدادی کارکنوں نے آنسوگیس کی شیلنگ سے متاثر 8 زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔