چهارشنبه 30/آوریل/2025

کرپشن کا پھندہ نیتن یاھو کی گردن کے گرد مزید تنگ، بیٹا بھی ملوث

بدھ 7-مارچ-2018

اسرائیلی پولیس نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاھوکی مبینہ کرپشن کے خلاف جاری تحقیقات کے دوران ان کے بیٹے یائیر نیتن یاھو کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 2 کے مطابق ذرائع ابلاغ میں ’کیس 4000‘ کے عنوان سے مشہور مقدمہ میں نیتن یاھو کے بڑے صاحبزادے کو بھی ملوث کیا گیا ہے اور ان کے خلاف بھی تحقیقات کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

عبرانی ٹی وی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس نیتن یاھو کے بیٹے سے یہ پوچھ گچھ کرے گی کہ آیا ان کے والد کے اعلیٰ عہدے سے یائیر نیتن یاھو نے کس حد تک استفادہ کیا اور شاؤل اولوفٹیچ کی مقامی مواصلاتی کمپنی ’پیزک‘ کو کس طرح اپنے مقاصدکے لیے والدہ کے ساتھ مل کر استعمال کیا گیا۔

ٹی وی رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا یائیر نیتن یاھو کے خلاف تحقیقات کب شروع کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ اسرائیلی میڈیا کے مطابق  بینجمن نیتن یاہو کے انتہائی قریبی ساتھی نِیر ہیفیٹس کمیونیکیشن کمپنی اسکینڈل میں خود بھی مشتبہ تھے لیکن اب انہوں نے وعدہ معاف گواہ بنتے ہوئے ریاست کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف شواہد فراہم کرنے پر بھی راضی ہو چکے ہیں۔

 پولیس نے اس کیس کا نام کیس نمبر چار ہزار رکھا ہوا ہے۔ اس کیس میں نتین یاہو ابھی تک براہ راست نامزد نہیں ہیں لیکن ان کے قریبی ساتھیوں کی ان کے خلاف گواہیوں کے باعث ان کا مکمل سیاسی کیرئیر تباہ ہو سکتا ہے۔

یہ تمام تفتیشی عمل بیزک ٹیلی کام کمپنی کے اردگرد گھوم رہا ہے۔ مبینہ طور پر ریگولیٹری کک بیکس کے ذریعے اس کمپنی کو ایک ارب شیکل (اسرائیلی کرنسی) فراہم کیے گئے تھے تاکہ خبروں میں بینجمن نیتن یاہو سے متعلق مثبت کوریج کی جائے۔

نیتن یاہو ابھی تک ان الزامات کو مسترد کرتے آئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بیزک کے حوالے سے تمام فیصلے ریگولیٹری حکام نے کیے تھے، جن پر ان کا کوئی اثرو رسوخ نہیں تھا۔ ان کے مطابق یہ تمام تر فیصلے ایک پروفیشنل کمیٹی نے کیے تھے۔

اس سے پہلے فروری میں اسرائیلی تفتیش کاروں نے ایک دوسرے کیس کے نتائج بھی پیش کیے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق نیتن یاہو نے سن دو ہزار سات سے لے کر سن دو ہزار سولہ تک ایک ارب پتی خاندان سے تقریبا تین لاکھ ڈالر مالیت کے تحائف موصول کیے ہیں اور ان کے عوض عرب پتی خاندان کو   رعایتیں فراہم کی گئی تھیں۔ تحائف میں سِگار، مہنگی شرابیں اور جیولری شامل ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی