اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے دعویٰ کہا ہے کہ سعودی عرب نے بھارت کے مسافر بردار جہازوں کو اپنی فضائی حدود سےگذر کر تل ابیب تک پہنچنے کی اجازت دے دی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب نے ’ایئرانڈیا‘ کمپنی کے ہوائی جہازوں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے اسرائیل میں آمد روفت کی مکمل اجازت دے دی ہے۔ تاہم سعودی عرب کی طرف سے اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
نیتن یاھو نے ان خیالات کا اظہار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے واشنگٹن میں ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب اسرائیل کو قانونی ریاست تسلیم نہیں کرتا اور گذشتہ 70 برسوں سے دونوں ملکوں کے لیے چلنے والی پروازوں ایک دوسرے کی فضائی حدود استعمال نہیں کیں تاہم حالیہ عرصے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان پس چلمن تعلقات میں بہتری آئی ہے۔
گذشتہ ماہ بھارتی فضائی کمپنی ایئر انڈیا نے کہا تھا کہ وہ سعودی عرب کی فضائی حدود کو استعمال کرتے ہوئے اسرائیل کے لیے ہفتے میں تین پروازیں چلائے گی تاہم سعودی عرب کے سول ایوایشن اتھارٹی نے کہا تھا کہ بھارتی مسافر طیاروں کو سعودی عرب کی فضاء استعمال کرتے ہوئے اسرائیل جانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
اسرائیل فضائی کمپنی العال ہفتے میں بھارت کے شہر ممبئی کے لیے چار پروازیں چلاتی ہے۔ مگر یہ سفر سات گھنٹے پر مشتمل ہوتا ہے۔ العال کے ہوائی جہاز ایتھوپیا سے گذر کر جنوب سے مشرق کی طرف بھارت آتے ہیں۔