اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی فلسطین کے حیفا شہر میں ’کریات حاییم‘ یہودی کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگیا۔
عبرانی نیوز ویب سائیٹ ’0404‘ کے مطابق مقتول فوجی کی شناخت ’ٹال ڈونفنٹسکی‘ کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 20 سال ہے اور وہ کریات حاییم کالونی کا رہائشی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
قبل ازیں اسرائیلی پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں ایک اسرائیلی فوج کی اس کے اسلحہ سمیت گم شدگی کی خبر جاری کی گئی تھی۔ اس خبرکے بعد یہودیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
بعض ذرائع کے مطابق فوجی اہلکار کی موت کو خود کشی کا نتیجہ قرار دے رہےہیں۔ سنہ 2017ء کے دوران 13 باضابطہ فوجیوں سمیت 16 اہلکاروں نے خود کشی سے موت کو گلے لگا لیا تھا۔ گذشتہ برس مجموعی طورپر 55 اسرائیلی فوجی فوت ہوئے۔ ان میں سات مختلف حملوں، 16 خود کشی، نو فوجی بیماری اور دو تربیتی مشقوں کےدوران ہلاک ہوگئے۔