اسرائیل کی انتہا پسند مذہبی جماعتوں اور مسجد اقصیٰ کی جگہ مزعومہ ہیکل سلیمانی کی پرچارک جماعتوں نے آج جمعرات کو ’عید المساخر’ یا عید البوریم‘ کے موقع پر مسجد اقصیٰ میں کھانے پینے کے لیے منعقدہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یہودی انتہا پسند گروپوں کے اتحاد ’تنظیمات ہیکل‘ نے ایک بیان میں یہودیوں پر زور دیا کہ وہ جمعرات کو عید المساخر کا جشن منانے اور اس موقع پر اجتماعی کھانے’آذان ھامان‘ میں شرکت کریں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق یہودی تنظیموں کی طرف سے تقسیم کردہ ایک پیغام میں یہودیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ عید البوریم کی نسبت سے خصوصی طورپر تیارکردہ کھانوں اور سویٹس سے لطف اندوز ہونے کے لیے جشن میں شرکت کریں۔
نامہ نگار کے مطابق دوسری جانب فلسطینی شہریوں نے یہودی آباد کاروں کے دھاووں کو روکنے کے لیے مسجد اقصیٰ میں حاضری کو یقینی بنانے اور مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی اجارہ داری کے قیام کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کریں۔
خٰیال رہے کہ فلسطین میں یہودیوں کی عید المساخر یا’عید البوریم‘ کی تقریبات گذشتہ منگل سے جاری ہیں۔ اس دوران روزانہ کی بنیاد پر سیکڑوں کی تعداد میں یہودی تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائی کے لیے مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولتے ہیں۔ گذشتہ روز بھی سیکڑوں یہودیوں کے ساتھ ساتھ امریکی کانگریس کے ارکان نے بھی مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا۔ یہ ایک ہفتے میں امریکی کانگریس کا قبلہ اول پر دوسرادھاوا ہے۔